نئی دہلی،30 /دسمبر(آئی این ایس انڈیا) کورونا وائرس کا نیا اسٹرین اور نیا سال ایک ہی آگیا ہے۔ ایسی صورتحال میں اب ہندوستان میں احتیاط بڑھا دی گئی ہے۔ ابھی تک ملک میں نئے کورونا وائرس کے تقریبا دو درجن کیس سامنے آچکے ہیں، جس کے بعد حکومت نے کارروائی کی ہے۔ یہ ہدایات وزارت صحت کے مشترکہ مانیٹرنگ گروپ نے ریاستوں کو ارسال کردی ہیں
۔نئے سال کے موقع پر نئے کورونا کے پیش نظر وزارت صحت نے یہ حکم جاری کیا ہے۔ تمام ریاستوں سے سپر اسپریڈر واقعات کی نگرانی اور پابندی لگانے کو کہا گیا۔ نئے سال کی تقریبات کے پیش نظر حکومتوں سے سختی کی اپیل کی گئی ہے۔وزارت صحت کی سفارش پر 7 جنوری 2021 تک برطانیہ سے ہندوستان آنے والی تمام پروازوں پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ کوئی پرواز ہندوستان سے نہیں جائے گی۔
وزارت صحت سے پہلے وزارت داخلہ نے بھی ریاستوں سے سختی سے کام کرنے کو کہا تھا۔ وزارت داخلہ نے تمام ریاستوں سے کہا تھا کہ وہ خود ہی، کنٹینمنٹ زون، نائٹ کرفیو کے بارے میں فیصلہ کریں تاکہ کورونا کو پھیلنے سے روکا جاسکے۔ واضح رہے کہ کہ ملک میں نئے کورونا وائرس نے دستک دی ہے۔ ابھی تک دو درجن سے زیادہ کیسزکی اطلاع ملی ہے، صرف یوپی میں دس کیسزدرج ہوئے ہیں۔ ایسی صورتحال میں حکومت نے ہر ضلع میں سختی کردی ہے۔ اس سے قبل نئے سال کے پیش نظر متعدد ریاستوں نے پہلے ہی بڑے پروگراموں کے انعقاد پر پابندی عائد کردی ہے۔ مہاراشٹر، کرناٹک اور کچھ دیگرریاستیں نئے سال کی تقریبات پر سخت کارروائی کی ہے۔